اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ،وفاقی حکومت نے افغانستان سے ٹرانسپورٹرز کو 6 ماہ کا ملٹی پل ویزہ دینے کا فیصلہ کر لیا،اس فیصلے سے وسطِ ایشیاء اور افغانستان میں تجارت کو تقویت ملے گی۔وفاقی کابینہ کے ہونے والے اجلاس میں 7 نکاتی ایجنڈا منظور کر لیا گیا۔اجلاس میں وفاقی کابینہ نے قومی ویسٹ مینجمنٹ پالیسی 2022ء منظور کر لی۔وفاقی کابینہ نے اجلاس کے
دوران مختلف ممالک سے متعلق ویزا پالیسی میں تبدیلی کا ایجنڈا منظور کیا۔کابینہ کے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 22 جون کے فیصلوں اور کابینہ کی لیجسلیٹو کمیٹی کے 23 جون کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔اجلاس میں وفاقی کابینہ نے الیکٹرک پنکھوں کے توانائی سے متعلق معیار مقرر کرنے کی منظوری بھی دی۔وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2022ء کا نیا مسودہ بھی منظور کر لیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ کابینہ نے پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کی ہے۔ کابینہ کی جانب سے وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ پولیو ٹیم پر حملے سے متعلق فوری رپورٹ پیش کریں۔ کابینہ کے اجلاس میں نادرا کو آن لائن سسٹم میں تبدیلی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔کابینہ کے اجلاس سے متعلق پیپلز پارٹی کی نائب صدر، وزیرِ موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ آج کی کابینہ نے ایک سنگِ میل پالیسی منظور کی ہے۔ خطرناک فضلے کو ٹھکانے لگانے سے متعلق پالیسی بنائی گئی ہے، یہ خطرناک فضلہ ہم سب کی صحت کے لیے مضر ہے۔ یہ خطرناک فضلہ پانی کے ذخائر کو بھی آلودہ کرتا ہے۔