اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق مسلم لیگ ( ن) کے سینیٹر عفنان اللہ خان نے گزشتہ روز متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پٹرول کی قیمتیں 1ہزار روپے فی لیٹر تک جا سکتی ہیں۔عفنان اللہ خان نے یہ دعویٰ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کے اجلاس میں کیا جس کی
صدارت سینیٹر عبدالقادر کر رہے تھے۔ عفنان اللہ خان نے کہا کہ ”آئل انڈسٹری کے ماہرین اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 390ڈالر فی بیرل تک جا سکتی ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو پاکستان میں پٹرول کی قیمت 1ہزار روپے سے بھی تجاوز کر جائے گی۔“قائمہ کمیٹی کے اس اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر تاج حیدر نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہونے کے باعث ملک میں پٹرول کی فروخت میں 30فیصد تک کمی واقع ہو چکی ہے۔ پٹرول کی قیمتیں اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ لوگوں نے اپنی کاریں گھروں میں کھڑی کر دی ہیں۔