لاہور ( نیوز ڈیسک ) مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں اپنی شکست تسلیم کرلی اور حریف جماعت تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی فتح کو تاریخی قرار دیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں نتائج آنے کے بعد
اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ مسلم لیگ( ن) کو کھلے دل سے نتائج تسلیم کرنا چاہئیں۔ عوام کے فیصلے کے سامنے سر جھکانا چاہیے، سیاست میں ہار جیت ہوتی
رہتی ہے، دل بڑا کرنا چاہیے۔ جہاں جہاں کمزوریاں ہیں، ان کی نشاندہی کر کے انہیں دور کرنے کے لیے محنت کرنی چاہیے، انشاءاللّٰہ خیر ہوگی۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب کے سینئر رہنما ملک احمد خان نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ دل سے تسلیم کرتا ہوں کہ پی ٹی آئی کو تاریخی فتح ہوئی ہے۔عوام کا ووٹ ہمارے خلاف آیا ہے، الیکشن کے نتائج بتارہے ہیں کہ ہمارے پاس عددی اکثریت نہیں رہے گی۔ پنجاب حکومت ہمارے ہاتھ سے جارہی ہے، وفاق میں اتحادی حکومت ہے فیصلہ قیادت نے کرنا ہے۔ عوام نے ووٹ سے اپنی رائے دی، اس کے بعد حکومت کا رہنا نہ رہنا سیکنڈری ہوجاتا ہے،پنجاب میں حکومت
اب لامحالہ تحریک انصاف ہی بنائے گی۔ملک احمد خان نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے اس حوالے سے بات ہوئی ہے، انہوں نے بھی عوام کی رائے کا احترام کرنے کا کہا ہے۔ منحرف ارکان کو جماعت میں لینا شکست کی ایک وجہ ہوسکتی ہے۔ ان نتائج کے بعد اب تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی سیاسی پوزیشنوں کو مضبوط کرنا ہوگا،آئندہ ہم ایک مربوط حکمت عملی کے تحت انتخابی میدان میں جائیں گے۔عدم اعتماد سے حکومتیں تو گرجاتی ہیں لیکن اس کے بعد آنے والی حکومت کو چلانا مشکل ہوتا ہے،اگر اس وقت ہم انتخابات میں جاتے تو آج کسے کے کیے کا بوجھ ہم پر نہ ہوتا۔