لاہور ( وی او پی نیوز ) ملک بھر میں جہاں جہاں سیلاب ہے وہاں وہاں پاک فوج کی جانب سے خدمات فراہم کرنے کا سلسلہ پورے جوش و جذبے سے جاری ہے .سندھ، بلوچستان، پنجاب، خیبر پختون خوا سمیت ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے ریلیف آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فوجی دستے سندھ میں حیدر آباد، سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، جامشورو، نوشہرو فیروز سمیت دیگر اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔امدادی سرگرمیوں میں تیزی کے لیے 2 خصوصی آرمی ہیلی کاپٹر کراچی سے متاثرہ علاقوں میں پہنچا
دیے گئے ہیں تاکہ امدادی سرگرمیاں مزید تیز ہو سکیں۔متاثرہ علاقوں میں پیک راشن اور دیگر امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے، جبکہ ضرورت کے مطابق طبی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
پاک فوج اور ایف سی کے دستے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں بھی مصروف ہیں۔کوئٹہ، پشین، قلعہ سیف اللّٰہ، زیارت، ژوب، لورالائی اور نوشکی میں پاک فوج اور ایف سی کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔نصیر آباد، لسبیلہ اور دکی میں ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔
پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ڈی جی خان کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی بھرپور فراہمی جاری ہے۔ہیلی کاپٹرز کی مدد سے 4 پروازیں کر کے ان علاقوں میں امدادی سامان پہنچایا گیا۔
صوبۂ خیبر پختون خوا میں ایف سی کے جوان سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق چترال اور دیگر متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے۔