متعلقہ

جمع

عمر ایوب نے بیوروکریسی کو “تڑی” لگا دی

اسلام آباد ( ایس ایم ایس ) اپوزیشن لیڈر...

حمد باری تعالیٰ، ہر زبان میں موجود ہے

(احمد منیب ۔ نیدرلینڈ) انتخاب: سلیم خان ابتدائیہ:حمد عربی لفظ ہے،...

نجکاری کیلئے 10 اداروں کا نمبر آ گیا

اسلام آباد ( ایس ایم ایس ) نجکاری کمیشن...

انتظار کی گھڑیاں ختم …. تیاریاں مکمل،پاکستان اوربھارت کرکٹ کے میدان میں‌ ٹکرائیں گے ….بابر کا کھلاڑیوں سے جذباتی خطاب ، ویڈیو جاری

Spread the love

لاہور( طیبہ بخاری سے ) انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں ،تیاریاں مکمل کر لی گئیں ، وہ دن آہی گیا جس کا کرکٹ شائقین کو بے چینی سے انتظار رہتا ہے …جی ہاں ! آج ایک بار پھر دنیائے کرکٹ کے روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کا مقابلہ میدان میں کریں گے. شائقین کرکٹ پاک بھارت مقابلہ دیکھنے کو بے تاب ہیں ، آج کے ٹاکرے کا اس لئے بھی بے صبری سے انتظار ہے کہ گزشتہ برس ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست دی تھی جس کے بعد سے دونوں ٹیمیں مقابل نہیں ہوئیں اور یہ حساب چکتا کرنے کیلئے بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما پر بہت زیادہ پریشر

ہے جبکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم روایتی حریف پر برتری کو برقرار رکھ کر نفسیاتی دباؤ بھی ڈالنا چاہتے ہیں ۔ پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی سکواڈ کا حصہ نہیں جبکہ حسن علی اور وسیم جونیئر پلئینگ الیون میں شامل نہیں ۔ باؤلنگ اٹیک کیلئے حارث رؤف ، نسیم شاہ سے امیدیں ہیں جبکہ محمد حسنین اور شاہنواز دھانی میں سے کسی ایک یا شائد دونوں کو موقع دیا جائے ۔
یہاں ہم آپ کو ریکارڈ بتاتے چلیں تو اس سے قبل ایشیاء کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 13 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں جہاں بھارت نے 7 جبکہ پاکستان نے 5 میچز میں کامیابی حاصل کی۔
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بھارت کیخلاف اہم میچ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کھلاڑیوں سے جذباتی خطاب کیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کی کھلاڑیوں سے گفتگو کی ویڈیو جاری کی ہے جس میں وہ قومی کرکٹرز سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کیخلاف حاصل کی گئی فتح کو یاد کرنے کا کہہ رہے ہیں۔بابر اعظم کاکہنا ہے کہ ’اسی باڈی لینگوئج سے کھیلنا ہے جیسے ہم کھیلتے آرہے ہیں، جیسے ہم نے ورلڈ کپ میں کھیلا ہے، پیچھے جاکر وہ چیز یاد کرو، جب یاد کرو گے ساری چیزیں آنا شروع ہوجائیں گی، سوچ لانا شروع کردو تیاری تو ہم کر ہی رہے ہیں، لیکن اچھی تیاری وہی ہے تو ٹریننگ میں کرتے ہو وہ میچ میں بھی اپلائی کرو، جو یہاں کرتے ہو وہی چیز میچ میں لے کر جاؤ پھر رزلٹ آئیں گے۔‘بابر نے شاہین کے حوالے سے کہا کہ ’میں جانتا ہوں ہمارا مین فاسٹ بولر ہمارے ساتھ نہیں ہے، لیکن اس کی کمی محسوس نہیں ہونے دینا، خاص طور پر فاسٹ بولرز سن لیں تاکہ اسے یہ ہو کہ میرے بعد میری ٹیم نے کر کے دکھایا ہے۔‘


پاکستان کےباؤلنگ کوچ ثقلین مشتاق نے بھی کہا ہے کہ تمام کھلاڑی پروفیشنل ہیں، انہیں سردی گرمی سے فرق نہیں پڑتا۔ ہمارے کھلاڑیوں کو علم ہے کہ کیسے خود کو ماحول کے مطابق ڈھالنا ہے، ہمارے فاسٹ باؤلر بہترین اور پراعتماد ہیں اور کافی عرصے سے بہترین پرفارمنس دے رہے ہیں۔
یہاں ہم آپ کو گراونڈ سے باہر کی صورتحال بتاتے چلیں تومقبوضہ کشمیر میں طلبا ءپر پاک بھارت میچ گروپ کی شکل میں دیکھنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ،نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سری نگر نے طلباءکو گروپس کی شکل میں ایشیاء کپ کا پاک بھارت میچ دیکھنے سے روک دیا ہے۔”ہندوستان ٹائمز “کے مطابق یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ طلباء پر میچ کے حوالے سے کوئی چیز سوشل میڈیا پر لگانے پر بھی پابندی ہوگی ، طلبا ءسے کہا گیا ہے کہ وہ میچ کے دوران اپنے اپنے مخصوص کمروں میں رہیں، طلبا ءکو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس کو ایک گیم کے طور پر لیں، انسٹیٹیوٹ یا ہوسٹل میں بدنظمی کا مظاہرہ نہ کریں۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گروپ کی شکل میں کسی کمرے میں میچ دیکھنے کی صورت میں اس

کمرے کی الاٹ منٹ ختم کر دی جائے گی، گروپ میں میچ دیکھنے پر 5 ہزار روپے جرمانہ بھی ہو گا،نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے میچ کے بعد طلبا ءکو ہاسٹل کے کمروں سے نکلنے سے بھی منع کر دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق جموں اینڈ کشمیر طلباءتنظیم نے بھی طلباکیلئے ایڈوائزری جاری کی ہے کہ طلبا ءمیچ سے متعلق کسی بھی قسم کی پوسٹ سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں اور تمام یونیورسٹیز کے طالب علموں کو کہا گیا ہے کہ وہ اس میچ کو بطور کھیل لیں کیونکہ اس سے ان کیلئے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں ، کیونکہ اس سے قبل گزشتہ سال پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی جس پر جموں کشمیر کے بعض طلباء کی جانب سے پاکستانی ٹیم کے حق میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی جس پر انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔
یہاں میچ سے ایک روز قبل پاک، بھارت ٹیموں کے کپتانوں یعنی بابر اعظم اور روہت شرما کی ملاقات کا ذکر کرنا بھی ضروری ہے . دونوں کپتانوں کی خوشگوار موڈ میں گپ شپ ہوئی جس کی ویڈیو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی شیئر کی۔بابر اعظم اور روہت شرما نے آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں اس وقت بات چیت کی جب بھارتی ٹیم ٹریننگ سیشن ختم کر کے واپس جا رہی تھی جبکہ پاکستان کا ٹریننگ سیشن شروع ہونے والا تھا. بابر اعظم نے روہت شرما سے ان کی فیملی کے حوالے سے پوچھا تو روہت نے بتایا کہ وہ چار پانچ روز تک آئے گی۔پھر روہت شرما نے بابر اعظم سے ان کی فیملی کا پوچھا جس پر قومی کپتان ’ابھی نہیں‘ کہہ کر مسکرا دیے۔


آخر میں ویرات کوہلی کے انٹرویو کا ذکر کرتے چلیں ، اس انٹرویو میں کوہلی کھل کر بولے اور اپنے آؤٹ آف فارم ہونے اور ذہنی دباؤ بڑھنے سے متعلق گفتگو کی انہوں نے انکشاف کیا کہ ” 10 برسوں میں پہلی مرتبہ ایک ماہ بیٹ کو ہاتھ نہیں لگایا، میں خود کو بتاتا رہا کہ مجھ میں کھیل کی شدت ہے لیکن میری باڈی کہتی تھی ابھی وقفہ لو، مجھے احساس ہوا کہ میں اپنے ساتھ غلط بیانی کر رہا ہوں۔میرا دماغ مجھے بتا رہا تھا کہ مجھے بریک لے کر کھیل سے دستبردار

ہونا ہے، میں ذہنی طور پر مضبوط لگتا ہوں اورمضبوط ہوں بھی لیکن اس کی ایک حد ہوتی ہے، آپ کو اس حد کو پہچاننا ہوتا ہے ورنہ یہ آپ کے لیے مضرِ صحت ہوتا ہے۔مجھے حالیہ دنوں نے بہت کچھ سکھایا ہے، مجھے یہ بتانے میں شرمندگی محسوس نہیں ہو رہی کہ میں ذہنی طور پر ڈاؤن ہوا۔یہ ایک عام سی بات ہے لیکن ہم اس کے بارے میں نہیں بولتے کیونکہ ہم ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں،ہم ایسا نظر نہیں آنا چاہتے کہ ہم دماغی طور پر ڈاؤن ہیں، یقین کریں اپنی مضبوطی کے بارے میں غلط بیانی کرنا کمزوری تسلیم کرنے سے زیادہ بری چیز ہے”۔
یہ تھی پاک بھارت ٹاکرے سے قبل اب تک کی تازہ ترین صورتحال ……اپنے اعصاب پر قابو رکھیں ، دونوں ٹیموں کا احساس کریں ، کھیل کو کھیل کی طرح سے لیں اور صرف کرکٹ انجوائے کریں …پریشرہے اور رہے گا لیکن جیتے گا وہی جو پریشر برداشت کرے گا اور جان لڑائے گا