اسلام آباد ( نیوز رپورٹ )وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں الیکشن جلدی بھی ہوسکتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس ہمارے بندے ہیں تو ہمارے پاس بھی انکے بندے ہیں، اپوزیشن اپنے جال میں خود پھنس گئی ہے، کوئی کہیں نہیں جارہا، عثمان بزدار کے جانے کی باتیں بھی افواہیں ہیں۔ وزیراعظم تاریخ کا عظیم جلسہ 27مارچ کو پریڈ گراؤنڈ میں کریں گے۔ ن لیگ کی جانب سے جلسے کی درخواست نہیں ملی، ن لیگ لانگ مارچ کا شیڈول فراہم کرے، کل کوئی شرارت ہوجائے تو
وزارت داخلہ ذمےدار نہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے سوشل میڈیا پر فوج ، عدلیہ کیخلاف بولنے والوں کیخلاف فوراً کارروائی کریں۔ آج کے بعد سے آپ اچھی خبریں سنیں، حالات روز بہتری کی طرف جائیں گے، اتحادیوں سے پوری امید ہے، پاکستان کی عدلیہ دور اندیش اور صاحب علم عدلیہ ہے، خواہش ہے کہ ملک اور جمہوریت آگے بڑھے۔ مہنگائی ہمیں ڈس چکی تھی، 25 مارچ کو صرف دعائے خیر ہوگی، میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، عثمان بزدار کہیں نہیں جارہےوہ بھی میری طرح عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اتحادی دیر سے فیصلہ کرتے ہیں اچھی بات ہے سوچ کر فیصلہ کرنا چاہیے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے پاس بھی اپوزیشن کے لوگ ہیں جو ووٹ ڈالنے نہیں جائیں گے، ہمارے پاس جو اپوزیشن کےلوگ ہیں وہ ذمےدار ہیں۔ جو لوگ سمجھ رہے ہیں پارٹیاں بدلنے سے عزت ملتی ہیں، ایسا نہیں، بلاول کے ابھی دودھ کے دانت بھی نہیں ٹوٹے۔ میں نے رائے دی تھی سندھ میں ایمرجنسی، گورنر راج لگایا جائے، عمران خان نے دونوں مسترد کی، پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ پاکستان کےساتھ ہے۔ میں سندھ میں ایمرجنسی کا حامی تھا لیکن اب بات آگے بڑھ گئی ، اس بات کا حامی تھا کہ گورنر راج لگایا جائے مگر عمران خان نے میری تجاویز رد کردیں۔عمران خان نے کہا کہ کہاں گئے وہ لوگ جولندن سے بیٹھ کر فوج کو گالیاں دیتے تھے، ادارے کبھی نہیں بھولتے، ان کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ دفن ہوگیا ہے، انہوں نے عمران خان کو دوبارہ زندہ کردیا ہے۔