لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستانی فاسٹ باولر نسیم شاہ نے ایشیا کپ میں افغانستان کے خلاف 2 تاریخی چھکے لگانے والا بلا سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو عطیہ کر دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں نسیم نے اپنا بلا سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے
عطیہ کرنے کا اعلان کیا،نسیم شاہ کا بلا پکڑےکہنا تھا کہ اس بلے سے میں نے افغانستان کے خلاف تاریخی چھکے لگائے، یہ میرے لیے بہت قیمتی ہے لیکن اب پاکستان میں سیلاب کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے میں یہ بلا شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو عطیہ کر رہا ہوں۔فاسٹ باولر نے بلا شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو دینے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جب بھی پاکستان میں کوئی مصیبت آتی ہے تو شاہد آفریدی پاکستانیوں کی بہت مدد کرتے ہیں اور اس بلے کو دینے سے پہلے بھی میں نے ان سے درخواست کی ہے کہ وہ اس کے ذریعے میرے علاقے لوئر دیر اور سوات میں سیلاب متاثرین کی مدد کریں، شاہد بھائی ہم آپ کے پیچھے ہیں اور ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔