سمر قند ( مانیٹرنگ ڈیسک ) روس کے صدر ولادیمر پیوٹن نے کہا ہے کہ پائپ لائن کے ذریعے پاکستان کو گیس کی سپلائی ممکن ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمر پیوٹن کی ازبکستان کے شہر سمرقند میں منعقدہ شنگھائی تعاون سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔ روسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پاکستان کو اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتے ہیں، روس اور پاکستان کے تعلقات
مثبت انداز میں بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے ہوئے جانی نقصان پر بےحد افسوس ہے، سیلاب متاثرین کے لیے امداد بھجوائی ہے، مزید مدد کے لیے تیار ہیں۔ روس پاکستان کے تعلقات میں معاشی، تجارتی شعبوں میں تعاون اہم ہے، پاکستان اور روس میں ریلوے اور توانائی کے شعبوں میں کام کرنےکی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم بہت سارے شعبوں میں مثبت انداز میں مل کر کام جاری رکھیں گے۔ پاکستان میں ایل این جی فراہمی کے لیے انفرا اسٹرکچر کی تعمیر بھی قابل توجہ ہے، پاکستان کو روس سے گیس کی سپلائی کی جاسکتی ہے، پاکستان کو پائپ لائن کے ذریعے گیس کی سپلائی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو گیس سپلائی روس، قازقستان، ازبکستان کے پہلے سے بنے انفرا اسٹرکچر سے ممکن ہے۔افغان مسئلے پر بات کرتے ہوئے صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ ہمیں افغانستان کے مسئلے کو بھی حل کرنے کی ضرورت ہے، افغانستان میں سیاسی عدم استحکام ہے جو حل ہونے کی امید ہے۔ افغانستان کے لوگوں سے ہمارے اچھے تعلقات ہیں، پاکستان کے پاس افغانستان کی صورتحال پر اثرانداز ہونے کی صلاحیت ہے۔