پڈوچیری ( مانیٹرنگ ڈیسک ) بجلی صرف پاکستان کے عوام کا ہی نہیں بلکہ بھارتی عوام کا بھی بڑا مسئلہ بن چکی ہے ، وہاں بھی بجلی آئے یا نہ آئے لیکن بجلی کا بل لاکھوں میں آسکتا ہے. ہوا کچھ یوں کہ بھارت میں ساراوانن نامی ٹی وی مکینک کو تقریباً 13 لاکھ بجلی کا بل موصول ہوا، مکینک اس وقت حیران رہ گیا جب محکمہ ای بی نے جولائی کے مہینے کا 12,91,845 روپے کا بل بِھجا دیا۔بھارتی ریاست پڈوچیری کے وشواناتھن نگر کے رہائشی ساراوانن نے
بتایا کہ اس کی پچھلی ریڈنگ 20,630 تھی جبکہ اس کے بل میں موجودہ ریڈنگ 2,11,150 دی گئی تھی۔ اس لحاظ سے جولائی میں 1,90,520 یونٹ استعمال کیے ہیں۔ ساراوانن نے بتایا کہ وہ دن میں ٹی وی مکینک کا کام کرتا ہے اور رات میں چوکیداری کرتا ہے، وہ اپنا جولائی کا بل دیکھ کر شدید صدمے میں مبتلا ہوگیا تھا۔اس کا کہنا ہے کہ وہ کرائے کے مکان میں رہتا ہے اور باقاعدگی سے تقریباً 6 سے 700 تک ماہانہ بل ادا کرتا ہے لیکن 12 لاکھ سے زائد کا بل دیکھ کر دنگ رہ گیا۔اس نے بتایا کہ اس نے اب تک 3 بار ای بی آفس کے چکر لگائے لیکن وہ بعد میں آنے کا کہہ کر ٹال دیتے ہیں۔اس نے بتایا کہ اس کی ریڈنگ مشین میں صرف 5 ہندسے ہیں نہ جانے چھٹا ہندسہ کیسے لکھا ہے؟خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ای بی حکام نے اسے تکنیکی خرابی قرار دیتے ہوئے غلطی تسلیم کرتے ہوئے بتایا کہ بل میں غلطی سے صفر کا اضافہ ہو گیا تھا جسے ٹھیک کر دیا گیا ہے۔