لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) آنجہانی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی آخری رسومات کو دنیا بھر میں میڈیا نے لائیو نشر کیا ۔یہاں ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ ملکہ کی آخری رسومات کی تقریب برطانوی تاریخ میں کسی ایک دن میں منعقد ہونے والی مہنگی ترین تقریب قرار پائی ہے جس پر 75لاکھ ڈالر (تقریباً 1ارب 80کروڑ
ساڑھے 22لاکھ روپے) خرچ ہوئے۔ “انڈیا ٹائمز” کے مطابق ملکہ الزبتھ دوئم کو سینٹ جارجز کے رائل والٹ میں دفن کیا گیا جہاں ان کے والدین، شوہر شہزادہ فلپ اور بہن مارگریٹ دفن ہیں۔ ایک سابق شاہی سکیورٹی آفیسر نے بتایا ہے کہ ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات کی تقریب پر ایک دن میں اندازاً 75لاکھ ڈالر سکیورٹی پر خرچ ہوئے۔ اس حوالے سے سرکاری اعدادوشمار تاحال جاری نہیں کیے گئے۔ “نیویارک پوسٹ” کے مطابق ملکہ کی آخری رسومات کی تقریب کی سکیورٹی میں برطانوی ایم آئی فائیو، ایم آئی 6اور لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے دیگر سیکرٹ سروسز اور انٹیلی جنس بیوروز کے ساتھ مل کر کام کیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل مہنگی ترین برطانوی تقریب شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین مڈلٹن کی 2011ءمیں ہونے والی شادی کی تقریب تھی جس پر 72لاکھ ڈالر خرچ ہوئے تھے۔