راولپنڈی ( وی او پی نیوز ) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ایلیٹ ضرار کمپنی سمیت ایس ایس جی افسران اور جوانوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ ایس ایس جی قوم کا فخر ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شمالی وزیرستان اور تربیلا کا دورہ کیا،
انہیں فیلڈ کمانڈرز نے تازہ سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا۔اس موقع پر جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج کی توجہ سیکیورٹی صورتحال پر ہے۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا گٹھ جوڑ توڑے گی اور محنت سے حاصل کیا گیا امن مضبوط بنائے گی۔ قوم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں سے امن ممکن ہوا، سماجی اور اقتصادی ترقی کے لیے پائیدار امن یقین بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جوانوں نے بنوں سی ٹی ڈی کمپلیکس آپریشن اور ایوی ایشن میں بہادری سے کام کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے جوانوں کے بےمثال جذبے اور قربانیوں کو سراہا۔آرمی چیف نے وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔