جنیوا (نیٹ نیوز)2022 اپنے ساتھ کئی یادیں لے جائیگا ، کئی زخم دے جائیگا اور کہیں خوشیاں بانٹ جائیگا . سال ختم ہونے میں چند دن باقی ہیں ، یہ سال کتنے لوگوں کو اداس اور بے گھر کر کے جا رہا ہے اس کی تفصیلات جاننے کیلئے اقوام متحدہ کی رپورٹ پڑھیے. اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2022 میں دنیا بھر میں 10 کروڑ افراد بے گھر ہوئے ،
تشدد ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت دیگر مسائل کا بھی سامنا رہا ۔ گزشتہ برس یہ تعداد 9 کروڑ تھی جو اس برس10 کروڑ ہو گئی ، یوکرین ، ایتھوپیا ، برکینا فاسو ، شام اور میانمار سمیت دنیا کے بہت سے حصوں میں تشدد پھیلنے کے باعث ہجرت کی گئی ۔ صرف یمن میں حکومت اور باغیوں کی جھڑپوں میں3 سے 4 ملین سے زائد افرد کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا.رپورٹ میں کہا گیا کہ یمن کی سنگین صورتحال کے باوجود یہ ملک قرن افریقہ کے ممالک سے نکلنے والے تارکین وطن کیلئے ایک منزل اور راہداری کا مقام بناہوا ہے ،جولائی میں اردن کے دارالحکومت عمان میں یو این ایچ سی آر کے نمائندے ڈومینک بارٹش نے کہا تھا کہ اردن نے شام کے 6 لاکھ 75 ہزار رجسٹرڈ مہاجرین کی میزبانی کی اور ان میں زیادہ قصبوں اور دیہاتوں میں مقامی کمیونٹیز میں رہتے ہیں ، میانمار سے تقریباً 10 لاکھ افراد بنگلہ دیش ے شہر کاکس بازار کے کیمپوں میں رہتے ہیں ۔مئی میں بچوں سمیت ایک درجن سے زائد تارکین وطن میانمار کے ساحل پر ہلاک ہوئے تو اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کے ڈائریکٹر اندریکا رتواٹے نے کہا اس سانحے سے علم ہوتا ہے کہ ملک میں اب روہنگیا کی جانب سے مایوسی کا احساس ہے ۔