کولمبو ( مانیٹرنگ ڈیسک ) تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سری لنکا میں پرتشدد مظاہروں کے سبب ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں فوج کو تعینات کردیا گیا ہے۔ کولمبو میں تعینات فوج کو وارنٹ کے بغیر مشتبہ افراد کی گرفتاری کی اجازت بھی دی
گئی ہے۔صدارتی محل کے سامنے چند روز قبل پرتشدد مظاہرہ ہوا تھا، اس دوران پولیس نے مظاہرہ کرنے والے 53 مظاہرین کو گرفتار کیا تھا۔مظاہرین اقتصادی بحران پر سری لنکن صدر گوتابایا راجاپاکسے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے تھے۔صدارتی دفتر نے جاری کیے گئے بیان میں کہا تھا کہ کولمبو میں ہونے والے مظاہرے کی قیادت انتہا پسند قوتوں نے کی، مظاہرین عرب سپرنگ کی طرح کی حکومت مخالف تحریک پیدا کرنا چاہتے ہیں۔دوسری جانب سری لنکا میں گزشتہ 6 ماہ میں افراطِ زر کی شرح میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ جاری سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سری لنکا میں گزشتہ ماہ افراطِ زر کی شرح 18.7 رہی جبکہ خوراک کی قیمتوں میں بھی ریکارڈ 30 اعشاریہ 1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔