بیروت ( نیٹ نیوز ) صرف پاکستان ہی نہیں دنیا میں اور بھی بہت سے ممالک کی معاشی صورتحال خراب ہے ۔ لبنان میں 2019 سے بدترین معاشی بحران جاری ہے، مقامی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں زوال پذیر ہے۔لبنان کی صورتحال تو اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ ملکی کرنسی نڈھال ہو کر زمین بوس ہو چکی ہے اور بے چارے عوام کو روزمرہ اشیاء بھی ڈالر میں خریدنے پڑ رہی ہیں ۔لبنان
کی سپر مارکیٹس میں درآمد شدہ اشیاء ڈالر میں فروخت ہو رہی ہیں، یہ اقدام وزارتِ معیشت کی طرف سے کیا گیا ہے تاکہ قیمتوں میں اضافے کو روکا جاسکے۔لبنان میں شدید مہنگائی کی وجہ سے غیر یقینی صورتحال ہے، سپر مارکیٹس کو حکم دیا گیا ہے کہ کسی بھی چیز کی قیمت لبنانی پاؤنڈ کے علاوہ ڈالر میں بھی آویزاں کی جائے تاکہ صارف کو اصل قدر معلوم ہوسکے۔ایک امریکی ڈالر کی قدر 89 ہزار لبنانی پاؤنڈ ہے، دارالحکومت بیروت کی سپر مارکیٹ نے عملاً ٹی وی اسکرین لگا کر ڈالر سے لبنانی پاؤنڈ کے ریٹ آویزاں کر دیے ہیں۔صارفین کے پاس اب یہ سہولت ہوگی کہ وہ ڈالر میں ادائیگی کرسکیں، ایک کلو مرغی 6 ڈالر، ٹوٹھ پیسٹ ساڑھے 5 ڈالر، مکئی کاٹن سوا ایک ڈالر،3 کلو چاول 5 ڈالر 70 سینٹ میں دستیاب ہیں۔یہی رقم اگر لبنانی پاؤنڈ میں دیکھی جائے تو لاکھوں بنتی ہے. “جنگ ” کے مطابق نگران وزیر معیشت امین سلام نے کہا کہ یہ اقدام مسئلے کا حل تو نہیں لیکن اس سے روز مرہ اشیاء کی بڑھتی گھٹتی قیمتوں کے اثرات سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔