متعلقہ

جمع

زمان پارک سے کیا کچھ برآمد ہوا اورعمران خان اپنے گھرکے تقدس کی پامالی پر کیا کرنے جا رہے ہیں ؟ جانیے

Spread the love

لاہور ( وی او پی نیوز )  تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان لاہور میں زمان پارک واپس پہنچ چکے ہیں اور انہوں نے کہا  ہے کہ وہ  اپنےگھر کے تقدس کی پامالی، گھریلو عملے پر تشدد کا معاملہ عدالت لے  جائیں گےعمران خان نے زمان پارک میں پولیس کی کارروائی کو توہین عدالت قرار دیا۔جوڈيشل کمپلیکس میں پیشی کے بعد زمان پارک میں عمران خان تحریک انصاف کے آئندہ لائحہ عمل پر سینئر لیڈر شپ سے مشاورت کریں گے اس کے بعد قوم سے خطاب  کریں گے۔ایک پیغام میں عمران خان نے عدالت میں پیشی پر آنے والے کارکنوں اور رہنماؤں سے اظہار تشکر بھی کیا۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ

حکمرانوں کا مقصد انتخابات ختم ہونے تک انہیں جیل بھیجنا ہے، ان پر 96 کیسز پہلے ہی ہیں، آج کی پیشی کے بعد امید ہے سنچری مکمل ہوجائے گی۔  پولیس کی جانب سے یہ سب اس وقت کیا گیا جب میں اسلام آباد عدالت میں پیشی کیلئے روانہ ہوا، بشریٰ بی بی گھر پر اکیلی تھیں جو مکمل طور پر غیر سیاسی خاتون ہیں۔عمران خان نے کہا کہ یہ چادر اور چار دیواری کی حرمت کے اسلامی اصول کی خلاف ورزی ہے، میں اس توہین کے معاملے کو عدالت لے جا رہا ہوں۔

“جنگ ” کے مطابق لاہور پولیس نے زمان پارک پر کرینوں اور بھاری نفری کے ساتھ کریک ڈاؤن کیا، پولیس کرین کی مدد سے گیٹ توڑ کر عمران خان کے گھر کے اندر داخل ہوئی۔ عدالت پیشی کےلیے عمران خان کی اسلام آباد روانگی کے بعد کیے جانے والے پولیس آپریشن میں عمران خان کی قیام گاہ کے باہر لگے متعدد کیمپس اکھاڑ دیے، رائفلیں، پیٹرول بم بنانے والی بوتلیں، غلیلیں اور کنچے برآمد کیے گئے۔ پولیس نے لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے دفعہ 144 کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں کو منتشر ہونے کی ہدایت کی۔ پولیس کی جانب سے  عمران خان کے گھر کے اندر سے فائرنگ ہونے کا دعویٰ بھی کیا گیا۔پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے مزاحمت بھی کی گئی، جس میں ایک پولیس اہل کار زخمی ہوگیا۔پولیس نے مشتعل افراد پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے 20 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔