اسلام آباد ( ایس ایم ایس ) وزیراعظم نےوفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی کے حوالے سے اہم فیصلہ کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی کا جامع جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے تمام وفاقی وزارتوں کو مراسلہ ارسال کردیا گیا۔ جس میں وزارتوں کو مخصوص فارم پر کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تمام وزارتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فروری 2024 سے اب تک کے اہم اقدامات اور کارکردگی فراہم کریں۔ وزارتوں کو حاصل کردہ اہداف اور کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ جمع کروانا ہوگی جبکہ عوامی خدمات میں بہتری اور گورننس اصلاحات سے متعلق اقدامات کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معیشت اور مالیات سے متعلق 18 وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس میں قانون، سیکیورٹی اور انتظامی امور سے منسلک 14 وزارتیں بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سماجی خدمات اور صحت و تعلیم سمیت 9 وزارتوں کی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ واضح کارکردگی کے نتائج فراہم کیے جائیں۔ منصوبوں، حاصل کردہ نتائج اور ان کی تکمیل کی تاریخ بھی فراہم کی جائے۔ وزارتوں کو تمام زیر التوا منصوبوں، تاخیر کی وجوہات اور درپیش رکاوٹوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کارکردگی رپورٹ میں ہر دعوے کے ساتھ لازمی دستاویزی ثبوت یا دیگر قابل تصدیق شواہد فراہم کریں، بغیر ثبوت دعوؤں اور نامکمل رپورٹس کو قابل قبول گردانا نہیں جائے گا۔ کارکردگی جائزے کے ذریعے ترقیاتی فنڈز کے استعمال اور منصوبوں کے نتائج کا بھی باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا، سی پیک اتھارٹی اور پلاننگ کمیشن کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
اس کے علاوہ سالانہ ترقیاتی پروگرام اور معاشی پالیسیوں کے نتائج کا احاطہ کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ قومی مردم شماری اور اعداد و شمار کے نظام میں بہتری کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور وزیراعظم کے خصوصی اقدامات کے نتائج کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔