پٹیالہ ( مانیٹرنگ ڈیسک ) جیل سے رہا ہونے والے کانگریس کے رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو آمر قرار دے دیا اور کہا کہ بھارت میں جمہوریت زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہے۔ نوجوت سنگھ سدھو نے پٹیالہ جیل سے رہائی کے بعد اپنے بیان میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا
پارٹی (بی جے پی) کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں جمہوریت زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہے۔پنجاب اس ملک کی ڈھال ہے۔ جب بھی یہاں آمریت آئی ہے تو راہول گاندھی کی قیادت میں ایک انقلاب آیا۔ حکمراں جماعت اس ریاست میں صدر راج نافذ کرنا چاہتی ہے جہاں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) اقتدار میں ہے۔ پنجاب میں بھی صدر راج لگانے کی سازش ہو رہی ہے۔ یہ لوگ پنجاب کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ میں راہول گاندھی، پریانکا گاندھی اور ہر کانگریس ورکر کے ساتھ دیوار کی طرح کھڑا ہوں۔خیال رہے کہ بھارت کی اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما اور سابق ٹیسٹ کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو 10 ماہ بعد جیل سے رہا کردیا گیاہے ۔