بلاوائیو( سپورٹس نیوز ) ورلڈ کپ سے قبل دوسرا بڑا اپ سیٹ ہو گیا کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائر کے سپر 6 مقابلے کے اہم میچ میں نیدرلینڈز نے سکاٹ لینڈ کو شکست دے کر بھارت میں ہونے والی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کےلیے کوالیفائی کرلیا۔اس ایونٹ سے پہلے کوالیفائی کرنے والی ٹیم سری لنکا تھی جبکہ نیدرلینڈز دوسری ٹیم بن گئی۔بلاوائیو میں کھیلے گئے اس میچ میں سکاٹ لینڈ نے نیدرلینڈز کو جیت کے لیے 278 رنز کا ہدف دیا جو اسے 44ویں اوور
میں حاصل کرنا تھا۔نیدلینڈز نے ہدف 43ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔ باس ڈی لیڈا نے 123 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔دیگر کھلاڑیوں میں وکرم جیت سنگھ 40، ثاقب ذوالفقار 33، کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 25 اور میکس او ڈوڈ نے 20 رنز بنائے۔سکاٹ لینڈ کی جانب سے مائیکل لیسک نے 2 وکٹیں لیں، جبکہ برینڈن میک مولین، مارک ویٹ اور گرس گریوز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل مقررہ 50 اوورز میں سکاٹ لینڈ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بناسکی تھی۔سکاٹ لینڈ کی جانب سے برینڈن میک مولین نے 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کپتان رچی برینگٹن نے 64 رنز بنائے۔نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لیڈا نے 5 وکٹیں لیں، انہیں آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔