اسلام آباد (وی او پی نیوز) کیا آپ کو معلوم ہے کہ عدالت عظمیٰ نے گذشتہ ایک برس میں کتنے مقدمات کا فیصلہ کیا ؟ نہیں ۔۔۔تو آئیے ہم آپ کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہیں ۔سپریم کورٹ نے خود گزشتہ ایک سال میں مقدمات کا ڈیٹا جاری کیا ہے جس کے مطابق 2 فروری 2022 سے یکم فروری 2023 تک مجموعی طور پر 22843 مقدمات نمٹائے گئے۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گزشتہ ایک سال میں 20ہزار707 مقدمات
سپریم کورٹ میں رجسڑڈ ہوئے،2 فروری 2022 کو زیر التواء مقدمات کی تعداد54ہزار706 تھی جبکہ یکم فروری 2023 کو مقدمات کی تعداد 52ہزار590 تک لائی گئی ،مجموعی طور پر سپریم کورٹ میں زیر التواء مقدمات کی تعداد میں 2116 کی کمی ہوئی،گزشتہ 10 برسوں میں پہلی مرتبہ مقدمات کی تعداد میں کمی ہوئی ،2013 کے بعد ہر سال سپریم کورٹ میں زیر التواء مقدمات کی تعداد میں اضافہ ہوا ، دسمبر 2022 میں پہلی مرتبہ مقدمات کی تعداد میں 1722 مقدمات کی کمی ہوئی۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے بینچ کے سربراہ کے طور پر 243 دنوں میں 8ہزار796 مقدمات نمٹائے ،جسٹس اعجاز الاحسن نے 247 دنوں میں 4ہزار664 مقدمات نمٹائے،جسٹس سردار طارق مسعود نے 158 دنوں میں 3ہزار126 مقدمات نمٹائے ،جبکہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 188 دنوں میں 1323 مقدمات نمٹائے۔