خانیوال ( وی او پی نیوز ) استحکام پاکستان پارٹی نے اپنا منشور جاری کر دیا ہے اور 300یونٹس سے کم بجلی مفت اور موٹر سائیکل والوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول دینے کا بڑا اعلان بھی کر دیا۔خانیوال میں جلسے کے دوران علیم خان نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دس سال پہلے فیصلہ کیا تھا کہ عوام کو باریاں لگانے والی جماعتوں کے چنگل سے نکالنا ہے، اسی لیے نئے پاکستان کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی کی قیادت میں جدوجہد شروع کی، لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت آنے کے بعد کرپشن اور لوٹ مار کا پاکستان بنایا گیا۔ ن لیگ 7 بار پنجاب میں آ چکی اور
کہتے ہیں ہمیں اور موقع دیں، پیپلز پارٹی 15 سال سے سندھ میں ہے، لیکن تھر کی صورتحال ابتر ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریباً 12سال پہلےمیں نے اور جہانگیر ترین نے پاکستان کی خدمت کے لیے سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا، جو لوگ کہتے تھے ہماری پارٹی کے پاس لوگ کہاں سے آئیں گے وہ آج دیکھ لیں، پنجاب کی چھوٹی تحصیل میں اتنا بڑا ورکر کنونشن کبھی نہیں ہوا۔
استحکام پاکستان پارٹی نے اپنا منشور جاری کردیا، پارٹی رہنما علیم خان نے کہا کہ ساڑھے بارہ ایکڑ زرعی زمین والے کسان کے ٹیوب ویل کی بجلی مفت ہوگی، ویمن امپاورمنٹ کے لیے خواتین کو گھر بیٹھے روزگار ملے گا۔ ہم آپ کے لیے غریب دوست منشور لےکر آئے ہیں، ساڑھے 12 ایکڑ تک کے کسانوں کے لیے ٹیوب ویل پر بجلی مفت ہوگی، تمام یونین کونسل میں فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے، نوجوانوں کو بلا سود قرضہ ملے گا، تاکہ کوئی کام شروع کریں۔ ہمارے منشور میں ہے کہ 300 یونٹس کے صارفین کے بل حکومت ادا کرے گی، کچی آبادیوں کے لوگوں کو مالکانہ حقوق دیے جائیں گے، ہم وہ نظام لے کرآئیں گے جس میں حکومت غریب کے ساتھ کھڑی نظر آئے گی، باریاں لینے والے چوروں کو اس بار گھر میں داخل نہیں ہونے دینا، ملک کو ان چوروں سے نجات دلائیں گے۔ بے گھروں کے لیے 3 مرلہ پلاٹ دیے جائیں گے، منشور ہے کہ سب سے کم اجرت 50 ہزار روپے ہوگی، جہانگیر ترین کی سربراہی میں ہم نے اپنا منشور تشکیل دیا ہے۔