متعلقہ

جمع

چاہتے ہیں پی ٹی آئی بھی مفاہمت میں شامل ہو، آصف زرداری :شہاز شریف وزیر اعظم اور مریم نواز وزیر اعلیٰ پنجاب کی امیدوار

Spread the love

اسلام آباد ( وی او پی نیوز )سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب کی امیدوار ہوں گی۔ انہوں نے یہ اعلان  مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ چودھری شجاعت  نے اپنی رہائش گاہ پر سابقہ اتحادی جماعتوں کے قائدین و رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا تھا۔اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ملک میں غربت کے خاتمے اختلافات ختم کرنے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے (ن) لیگ کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا اس پر انکا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ الیکشن میں ایک دوسرے کے خلاف باتیں کرتے ہیں وہ مرحلہ ختم ہوچکا، اب پارلیمان وجود میں آنے والی ہے۔ معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ اپنے اختلافات ختم کرکے قوم کوآگے لے کرجانا ہے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدے نے پاکستان کو معاشی استحکام دیا، پاکستان میں جو مہنگائی اس کو کم کرنا ہے، پاکستان کے قرضوں کو کم کرنا ہے۔اس موقع پر( ق) لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ پہلی ترجیح معاشی ایجنڈا ہونا چاہیے۔

پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم نے طے کیا ہے مل بیٹھ کر حکومت بنائیں گے، پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے۔ مصالحت چاہتے ہیں، اور یہ بھی چاہتے ہیں پی ٹی آئی بھی مفاہمت میں شامل ہو۔ ہم ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑے ہیں، الیکشن میں مخالفتیں ہوتی ہیں لیکن مل کر آگے چلنا ہوگا۔ ملک کے وسیع تر مفاد میں معاشی ایجنڈے پر سب کو ایک ہونا ہوگا۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سب مل کر جمہوریت کو مضبوط کریں گے، شہبازشریف کا پہلے بھی ساتھ دیا تھا اب بھی دیں گے۔ ایم کیو ایم پاکستان نے کبھی وعدہ خلافی نہیں کی۔اب ہم سب نے پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ ایسے فیصلے کرنے ہوں گے جو ملکی عوام کے مفاد میں ہو۔ میاں صاحب کی حکومت کےلیے دعاگو ہوں۔

شہباز شریف جب چوہدری شجاعت کے گھر پہنچے تو صحافی نے ان سے سوال کیا کہ ’کیا آپ( ن) لیگ کی جانب سے وزارت عظمی کے امیدوار ہیں؟

اس سوال پر شہباز شریف مسکراتے ہوئے چوہدری شجاعت کے گھر میں داخل ہو گئے۔