مظفر آباد ( وی او پی نیوز ) آزاد کشمیر میں بھاری بلوں کے خلاف مظاہروں میں گولیاں چل گئیں، فائرنگ سے اے ایس آئی سینے میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔میر پور، کوٹلی اور مظفر آباد میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں، پتھراؤ اور شیلنگ کے نتجے میں متعدد مظاہرین و پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ درجنوں مظاہرین دھرلیے گئے۔میرپور میں تصادم کے دوران گولی لگنے سے اے ایس آئی عدنان قریشی جاں بحق ہوئے جبکہ پونچھ میں مظاہرین نے مجسٹریٹ کی گاڑی کو آگ لگادی۔”جیو نیوز ” کے مطابق کوٹلی میں بھی مظاہرین نے متعدد گاڑیاں توڑ دیں جبکہ پولیس نے بھی مظاہرین پر شیلنگ کی۔مظفرآباد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان پرتشدد واقعات ہوئے، جس سے صورتحال کشیدہ ہوگئی۔پولیس نے گرفتاریوں کےلیے کریک ڈاؤن شروع کردیا جبکہ مختلف شاہراہوں پر ناکے لگادیے گئے ہیں۔گرفتاری سے بچنے کےلیے دریائے نیلم میں
چھلانگ لگانے والے نوجوان کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا۔آزاد کشمیر میں مہنگی بجلی اور ٹیکسوں کے خلاف پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ آج دوسرے دن بھی جاری رہا۔وادی کے مختلف شہروں سے احتجاج کےلیے مظفر آباد جانے والے قافلوں اور پولیس کے درمیان جگہ جگہ جھڑپیں ہوئیں، کوٹلی، نکیال اور میرپور میں مظاہرین اور پولیس آمنے سامنے آ گئے۔عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر آزاد کشمیر میں مہنگائی اور مہنگی بجلی کے خلاف مختلف اضلاع میں آج دوسرے روز بھی مکمل اور جزوی ہڑتال کی گئی، کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند رہی۔کوٹلی سے مظفرآباد کے لیے نکلنے والے قافلوں کو پولیس نے روکا تو جھڑپیں شروع ہو گئیں، پولیس نے شیلنگ کی تو مظاہرین نے پتھراؤ شروع کردیا۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر اسپتال کوٹلی میں 40 سے زائد زخمیوں کو لایا گیا، کھوئی رٹہ، چڑھوئی، سہنسہ اور کوٹلی کے قافلے تتہ پانی پہنچ چکے ہیں۔مظاہرین نے رکاوٹیں توڑدیں، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں رہیں،کوٹلی سے نکلنے والے قافلوں کو ریاں شریف پر پولیس کا سامنا کرنا پڑ گیا،پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئیں،متعدد پولیس اہلکار اورمظاہرین زخمی ہو گئے۔مظاہرین نے متعدد گاڑیاں توڑ دیں، مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی، پونچھ کوٹلی مرکزی شاہراہ پر مجسٹریٹ اور متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔نکیال میں مختلف علاقوں میں پولیس اور مظاہرین میں تصادم ہوا، درجنوں مظاہرین اور پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔آزاد کشمیر میں بازار، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند ہیں، عوامی ایکشن کمیٹی کا لانگ مارچ کل مظفر آباد پہنچے گا، جہاں انتظامیہ نے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرکے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔