لاہور ( ایس ایم ایس ) معروف روحانی رہنما و صوفی دانشور حضرت واصف علی واصف رحمۃ اللہ علیہ کا33واں سالانہ عرس مزار شریف پر رسم چادر پوشی کے ساتھ شروع ہو گیا ۔ سابق صوبائی وزیر سردار نصراللہ خان دریشک اور دیوان عظمت محمود نے مقامی اور دوسرے شہر وں سے آنے والے عقیدت کے ساتھ یہ رسم ادا کی۔اس موقع پر اس روحانی شخصیت کو بھرپور انداز میں اظہار عقیدت پیش کیا گیا ،درود و سلام کی محفل کے ساتھ ساتھ ملک وملت کو درپیش چیلنجوں سے عہدہ برا ہونے کے لیے خصوصی دعائیں کی گئی۔ فلسطین اورمقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے لیے خصوصی طور پر دعا کی گئی۔ رات کو محفل نعت ہوئی۔ جس میں ڈاکٹر سرور حسین نقشبندی یاسر گولڑوی زین صدیقی اور شہزاد حنیف مدنی نے بھی شرکت کی۔
آج عرس کے دوسرے روز بعد از دوپہر الحمرا ہال نمبر 1 میں حضرت واصف علی واصف رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت اور تعلیمات کے حوالے سے ایک سیمینار ہوگا۔ اس کی صدارت پروفیسر حسن عسکری کریں گے ۔ مقررین میں ڈاکٹر معین نظامی قاسم علی شاہ خواجہ غلام قطب الدین فریدی فہد کاظمی اور محترمہ نورید فاطمہ شامل ہیں۔