لاہور ( سید صداقت علی شاہ سے )سیکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ پاکستان نے واضح طور پر اب تک اپنے تمام ایکشنز سے ثابت کر کے دکھایا ہے کہ پاکستان نے بھارتی ننگی جارحیت کے جواب میں کئے گئے تمام ایکشنز صرف اپنے دفاع میں کیے ہیں۔جبکہ بھارت نے پچھلے 48 گھنٹوں میں صرف اور صرف پاکستان پر بِلا اشتعال جارحیت کی ہے جسکے نا قابل تردید ثبوت پوری دنیا دیکھ چکی ہے۔ہر روز اپنی نئی ہزیمت اور ناکامی کو چھپانے کے لیے بھارتی گودی میڈیا بھارتی حکومت کے لئے صبح شام جھوٹ بولتا ہے۔
سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ ہیروپ ڈرون ڈرامہ کی ناکامی کے بعد اب بھارت مقبوضہ کشمیر اور راجستھان میں من گھڑت اور جھوٹے حملے کی خبریں بھارتی میڈیا پر چلا کر اپنی ناکام جارحیت کو جاری رکھنے کا جواز پیدا کرنا چاہتا ہے۔بھارت اب تک جھوٹ اور پروپیگنڈا کے علاوہ پاکستان کے خلاف کوئی ایک بھی ثبوت نہیں دے سکا۔بھارتی جھوٹ اور پروپیگنڈا اب پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے کیونکہ دنیا اسے اپنی آنکھوں سے دیکھ رہی ہے۔