لاہور ( خصوصی رپورٹ ) مئی میں پاک ،بھارت کشیدگی سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور ساکھ پر کیا اثر پڑا ۔۔؟ عالمی جریدے کی رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشافات سامنے آئے ہیں
تفصیلات کے مطابق عالمی جریدے’’ کیرولائنا پولیٹیکل ریویو ‘‘میں کہا گیا ہے کہ 2025 میں پاکستان نے عالمی سیاست میں دوبارہ اہم مقام حاصل کیا، مئی میں پاک، بھارت کشیدگی نے پاکستانی دفاعی صلاحیت اور ساکھ کو مضبوط کیا۔
عالمی جریدے کے مطابق پاکستان نے مؤثر سفارت کاری سے واشنگٹن کا اعتماد بحال کرکے تعلقات کونئی سمت دی، امریکہ نےجنوبی ایشیا، خلیج اور وسط ایشیاء تک رسائی میں پاکستان کو کلیدی پل قرار دیا، امریکہ نے پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کو مرکزی حیثیت دی، پاکستانی بندرگاہیں خاص طور پر بلوچستان میں گوادر بہت بڑا اثاثہ ہے۔ پاکستان نے سی پیک کے ساتھ کثیرالجہتی توازن برقرار رکھ کر پر نئے معاشی راستے کھولے، نومبر میں ٹرمپ انتظامیہ نے اپنی قومی سلامتی کی حکمت عملی شائع کی، پاکستان ان قومی سلامتی کے مفادات کے حصول کےلیے امریکاکا کلیدی اتحادی ہوگا۔
’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق عالمی جریدے نے رپورٹ میں بتایا کہ امریکہ اور پاکستان کےتعلقات میں حالیہ تبدیلی نےدنیا بھر کے میڈیاکو اپنی طرف متوجہ کیا، بھارت پاکستان کشیدگی میں امریکہ کو ڈی ایسکلیشن کےلیے فعال کردار اختیار کرنا پڑا، صدر ٹرمپ کاکشمیر پر بیان پاکستان کی سفارتی پوزیشننگ اورمؤقف کی تائید ہے۔پاکستان نے سفارتی محاذ پر نفسیاتی برتری حاصل کی جبکہ بھارت پیچھے رہ گیا، لابنگ، پالیسی انگیجمنٹ سے تعلقات کو وار آن ٹیررفریم سے اکانومی اور سٹریٹجی کی طرف موڑاگیا، پاکستان اور امریکہ نے معدنیات سے ریفائننگ، پروسیسنگ کے لیے 500 ملین ڈالرکےکئی سودےکیے۔
عالمی جریدے کی رپورٹ کے مطابق ایگزم بینک نے بلوچستان میں ریکو ڈک میں کان کنی، معدنیات کے لیے 1.25بلین ڈالر فنانسنگ منظورکی، پاکستان نے ری انگیجمنٹ کرکے امریکا کے ساتھ رشتےکو ’’پائیدارمفاد‘‘کی سمت بڑھایا۔