اسلام آباد( ایس ایم ایس ) وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے پیش نظر ان کو اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو اپنے بیٹوں سے بات کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت انسانی ہمدردی اور قانونی تقاضوں کو مقدم رکھتی ہے، ہر قیدی کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔صحت جیسے حساس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔پاکستان تحریکِ انصاف کو چاہیے بے بنیاد پروپیگنڈا یا سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے گریز کریں، حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے،اس معاملے کو سیاست کی نذر کرنے کے بجائے قومی سنجیدگی اور برداشت کا مظاہرہ کریں۔