راولپنڈی( وی او پی نیوز ) نائیجیرین مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل لکی ایلوونی اونینیوچیا لیو ایرایبور نے جنرل ندیم رضا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سے آج جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون کے امور بشمول سیکیورٹی، فوجی
تربیت، باہمی تبادلوں اور موجودہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائیجیریا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف نے کہا کہ ان مفید رابطوں سے باہمی دفاعی تعلقات مزید گہرے ہوئے ہیں اور دونوں افواج کے درمیان تعاون کو تقویت اور مفاہمت میں اضافہ ہوا ہے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے نائیجیریا اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزیدمستحکم اورپائیدار بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کے عزم کا اظہار کیا ۔ معزز مہمان نے پاکستان سے خریدے گئے JF-17 جنگی لڑاکا طیاروں کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ JF-17 طیارہ، اپنی منفرد جنگی صلاحیتوں کے ساتھ، نائیجیریا کی سیکیورٹی کی ضروریات کو پورا کرنے میں ایک طاقتور پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے جنرل لکی ایلوونی اونینیوچیا لیو ایرایبور کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔