لاہور ( نیوز رپورٹ ) مہلک کورونا وائرس جس کے باعث اب تک دنیا بھر میں لاکھوں افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں ، انگلینڈ میں اس کا زور اب ٹوٹنے لگا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق انگلینڈ میں کورونا وائرس سے متعلق تمام پابندیاں 18 مارچ سے ختم کردی جائیں گی۔اس کے علاوہ دنیا بھر سے انگلینڈ آنے والے مسافروں کے لئے منفی کوویڈ ٹیسٹ کی شرائط بھی ختم کردی گئی ہیں، 18 مارچ سے لوکیٹر فارم کی شرائط بھی ختم ہوجائیں گی۔برطانیہ آنے والے مسافروں کے لیے ویکسینیشن کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔اس حوالے سے سیکرٹری ہیلتھ ساجد جاوید نے عوام سے وبا سے بچاﺅ کے لئے
احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ کوویڈ کے حوالے سے ایک اچھی پوزیشن پر ہے، ہسپتالوں میں مریضوں کے داخلوں میں نمایاں طور پر کمی آئی ہے مگر کوویڈ پابندیوں میں نرمی کے بعد انفیکشن میں اضافے کا امکان رہتا ہے۔
دوسری جانب چین میں کورونا وائرس پھر سے پھیلنے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں ، شینزن شہر جس کی آبادی پونے دو کروڑ کے قریب ہے اس میں نوبت لاک ڈاو¿ن تک جا پہنچی ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چینی شہر ووہان سے دنیا بھر میں پھیلنے والے کوویڈ-19 وائرس کے بعد یہ چین میں کیسز سے دوسرا بڑا بحران پیدا ہوسکتا ہے۔ اس حوالے سے ایک کروڑ 75 لاکھ سے زائد آبادی والے شینزن شہر میں چینی حکومت نے لاک ڈاو¿ن لگادیا ہے۔ اس شہر میں بسنے والوں کو3 مراحل میں ٹیسٹنگ کروانی ہوگی اور صرف اسی کے لیے وہ اپنے گھروں سے باہر آسکیں گے جبکہ وہاں بسز اور سب ویز کو بھی بند کردیا گیا ہے۔ اسی طرح شہر میں موجود تمام بزنسز کو یہ حکم نامہ جاری کیا گیا ہے کہ وہ گھروں سے کام کریں، البتہ ضروری سروسز کو کام کرنے کی اجازت ہوگی۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق شینزن کے شہری دوسرے شہر نہیں جاسکتے، جبکہ خصوصی حالات میں وہ صرف ٹیسٹ کروانے اور اس کی منفی رپورٹ آنے کے بعد ہی شہر سے باہر سکتے ہیں جبکہ ٹیسٹ کی رپورٹ 24 گھنٹے پہلے دینی ہوگی۔