48

عیدالا ضحیٰ پر گوشت کھائیں اور اچھی صحت پائیں

Spread the love

لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) بقرعید پر گوشت کھائیں یا نہ کھائیں …؟ آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ بقر عید پر گوشت کھانے کے کیا فوائد ہیں . دُنیا بَھر کے ماہرینِ غذائیت صحت مند، تندرست و توانا زندگی گزارنے کے لیے آئرن (فولاد)، نمکیات اور وٹامنز سے بَھرپور غذائیں تجویز کرتے ہیں کہ یہ توانائی فراہم کرتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق آئرن انسانی جسم کے لیے ایک اہم جُز ہے، فولاد دماغ اور اعصاب کو مضبوط بناتا ہے، اس کے برعکس اس کی کمی ’اینیمیا‘ (خون کی کمی) کا سبب بن جاتی ہے جسے طبّی اصطلاح میں ’آئرن ڈیفیشینسی‘ بھی کہا جاتا ہے۔ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ آئرن کی کمی کے شکار افراد کے لیے بقرہ عید ایک سنہری موقع ہے کیوں کہ اس موقع پر کلیجی اور لال گوشت وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے۔ایک پلیٹ کلیجی کھا لینے سے 6 ماہ کے آئرن کی مطلوبہ مقدار پوری ہو جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر خون میں فولاد کی کمی واقع ہوجائے تو گردشِ خون کے مسائل جنم لے سکتے ہیں، دِل، پھیپھڑوں کی کارکردگی کم زور پڑ جاتی ہے، نتیجتاً سانس لینے کا دورانیہ مختصر (سانس پھولنے لگتا ہے) ہو جاتا ہے اس کے علاوہ جِلد اور بالوں کے مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں۔آئرن کی کمی کی علامات

میں شدید تھکاوٹ، جِلد کی رنگت پیلی پڑ جانا، سَر درد، ناخنوں کا ٹوٹنا، سانس پُھولنا، چکر آنا، ہاتھوں اور پیروں میں سنسناہٹ اور زبان کی سوزش یا درد وغیرہ شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر ان میں سے کوئی بھی علامت ظاہر ہو تو معالج سے فوری رجوع کرنا چاہیے۔
دوسری جانب تحقیق سے بھی یہ ثابت ہوچکا ہے کہ جو افراد سُرخ گوشت کا کم یا سرے سے استعمال نہیں کرتے، ان میں فولاد کی کمی زیادہ پائی جاتی ہے جبکہ ہرے پتّوں والی سبزیاں بھی استعمال کرنا لازمی ہے۔ماہرینِ غذائیت کے مطابق آئرن حاصل کرنے کے دو ذرائع ہیں جنہیں ہیم (Heme) اور نان ہیم (Non-Heme) سے موسوم کیا گیا ہے۔ ہیم سے مُراد وہ فولاد، جو جانوروں کے ذریعے حاصل کیا جائے، اس میں گوشت، مرغی اور سمندری غذائیں شامل ہیں جبکہ نان ہیم آئرن پودوں میں پایا جاتا ہے، یہ ہر قسم کے اناج، گِری دار میووں، بیج، پھلیوں اور پتّوں والی سبزیوں میں موجود ہوتا ہے۔ان دونوں ذرائع سے حاصل کیے جانے والے فولاد کے اثرات جسم پر مختلف انداز سے مرتّب ہوتے ہیں۔ماہرینِ غذائیت کا بتانا ہے کہ نان ہیم غذاؤں سے فولاد کو خون میں جذب ہونے میں دیر لگتی ہے جبکہ نان ہیم غذا کے ساتھ وٹامن سی کا استعمال کیا جائے تو فولاد کے خون اور جسم میں جذب ہونے کا عمل جلد شروع ہو جاتا ہے۔ماہرین کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے کہ جب نان ہیم غذائیں استعمال کی جائیں تو ساتھ میں ایسے پھل بھی کھائیں جن میں وٹامن سی زائد مقدار میں پایا جاتا ہے، لہٰذا اپنے غذائی شیڈول میں گوشت، مُرغی، مچھلی، سبزیوں میں پالک، چقندر، بروکلی، لال اور ہری شملہ مرچ، پھول گوبھی، جبکہ پھلوں میں مالٹا، سیب اور انار وغیرہ شامل کرلیں، تاکہ جسم فولاد کی کمی کا شکار نہ ہو۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں