لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) کیا آپ جانتے ہیں کہ ہنسنا آپ کی صحت کیلیے کتنا اچھا ، کتنا مفید اور کتنا کرگر ہے . دی ہارٹ فاؤنڈیشن کے مطابق ہنسنے سے انسان کی صحت پر پڑنے والے اثرات کسی بھی قلبی ورزش کے برابر ہوتے ہیں۔ ” جنگ ” کے مطابق اس حوالے سے کی گئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہنسنے سے انسان کے دل کی دھڑکن بہتر اور جسم سے اتنی ہی کیلوریز کم ہوتی ہیں جتنی کہ چہل قدمی کرنے سے ہوتی ہیں۔ ہنسنے کا عمل جسم سے
ایسے کولیسٹرول کو کم کرتا ہے جوکہ صحت کے لیے مضر ہو جبکہ مفید کولیسٹرول کو بڑھاتا ہے۔تحقیق کے دوران کولیسٹرول کی زیادتی کا شکار ذیابیطس کے مریضوں میں ایک سال تک روزانہ آدھا گھنٹہ ہنسنے کے مثبت اثرات دیکھے گئے۔سال کے آخر میں ذیابیطس ان مریضوں میں 26 فیصد مفید کولیسٹرول کا اضافہ دیکھا گیا۔ہنسنے سے انسان کے ذہن پر موجود دباؤ کم ہوتا ہے، جس کی وجہ سے خون کی شریانیں کُھلتی ہیں اور فشارِ خون کم ہوتا ہے۔یونیورسٹی آف میری لینڈ میڈیکل سینٹر میں کی گئی ایک تحقیق سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ہنسنے کے دوران شریانیں نائٹرک آکسائیڈ خارج کرتی ہیں جو کہ ان شریانوں کے کُھلنےکا سبب بنتی ہے۔نائٹرک آکسائیڈ کا تعلق سوزش اور شریانوں میں گٹھلیاں بننے میں کمی سے بھی ہے۔اس حوالے سے ایک اور تحقیق جوکہ یونیورسٹی آف ٹیکساس میں کی گئی، مزاحیہ ویڈیو اور شریانوں میں پیدا ہونے والی فوری لچک کے درمیان تعلق بھی سامنے آیا ہے۔