لاہور ( وی او پی نیوز) تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے لاہور میں شاہ محمود قریشی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں یہ جملہ کہہ کر سب کو حیران کر دیا کہ شک ہے کہ حکومتی ارکان ہماری تنخواہیں نکلوا کر خود کھا رہے ہیں، شاہ محمود قریشی سے مطالبہ کرتا ہوں کہ معاملے کی تحقیقات کرائیں۔ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں غلط بیانی کی گئی کہ پی ٹی
آئی کے ارکان مستعفی ہو کر بھی قومی اسمبلی کے ممبران کی حیثیت سے تنخواہیں لے رہےہیں ، واضح کر دوں کہ پی ٹی آئی کے ارکان کو اپریل کے بعد سے تنخواہ نہیں ملی ، ہمیں شک ہے اور میں شاہ محمود قریشی صاحب سے مطالبہ بھی کرتا ہوں کہ چیک کرائیں حکومتی ارکان ہمارے نام پر تنخواہیں تو نہیں نکلوا کر کھا رہے ،کیونکہ حکومت میں سارے بڑے بڑے فنکار بیٹھے ہوئے ہیں ، بعد میں پتہ چلے کہ جو بیرون ممالک کے دورے ہو رہے ہیں وہ ہمارے پیسوں سے ہو رہے ہوں ۔ فواد چودھری نے کہا کہ ہماری حکومت جاتے ہی ملک کے حالات خراب ہو گئے ، گزشتہ 10 ماہ میں 8 لاکھ سے زائد پاکستانی ملک چھوڑ گئے جن میں 2 لاکھ ڈاکٹرز، انجینئرز اور آئی ٹی ایکسپرٹ ہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ پرویز الٰہی کے پاس وزارت اعلیٰ میں رہنے کیلئے اور اسمبلی کو تحلیل کرنے کیلئے نمبرز پورے ہیں، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ بن رہے ہیں۔