ملتان ( وی او پی نیوز ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نےملتان میں رابطہ عوام مہم سے خطاب میں کہا ہے کہ ملک ڈیفالٹ کی طرف گامزن ہے، وفاقی حکومت آخری اننگز کھیل رہی ہے۔آج 2500 ٹیکسٹائل ملز بند
اور 15 لاکھ مزدور بےروزگار ہوچکے ہیں۔ تمام بحرانوں کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں۔ وفاقی حکومت کی ترجیحات درست نہیں۔ ان کی ترجیح کسی بھی طریقے سے پنجاب حکومت گرانا ہے، وفاقی حکومت اقتدار سے زبردستی چمٹی ہوئی ہے۔ ان کےپاس حکومت چلانے کی نہ تو اہلیت ہے اور نہ ہی کوئی ایجنڈا ہے، یہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی مقبولیت سے خائف ہو کر الیکشن نہیں کرانا چاہتے۔ دہشت گردی کے بڑھتے واقعات تشویشناک ہیں، حکومت دہشت گردی کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ سرحدوں کا دفاع وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، ایسا لگتا ہے دہشت گردی پر حکومت نے آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔ ملک میں مہنگائی تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہے.