متعلقہ

جمع

2022ء، ڈی این اے کیلئے سندھ میں 2 ہزار سے زائد کیسزموصول ، کتنے حل ہوئے ؟ تفصیلات جانیے

Spread the love

کراچی ( وی او پی نیوز )2022ء، ڈی این اے کیلئے سندھ میں کتنے کیسز حل ہوئے کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں . ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) جامعہ کراچی کے تحت چلنے والی صوبے کی پہلی جدید سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری (ایس ایف ڈی ایل) نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ سال میں فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی تجزیات کے لیے تقریباً 2162 کیسز موصول اور حل ہوئے۔بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)

جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق2021ء کے مقابلے میں 2022ء میں کیسز کی تعداد زیادہ ہے۔دوسری جانب آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوآرڈی نیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری، جامعہ کراچی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایف ڈی ایل کے انچارج اور پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اشتیاق احمد خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
“جنگ ” کے مطابق پروفیسر اقبال چوہدری نے مسلسل رہنمائی اور مالی معاونت کے لیے سندھ حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔ایس ایف ڈی ایل کے تحت تیار کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق 2022ء میں فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی تجزیات کے لیے ایس ایف ڈی ایل جامعہ کراچی میں تقریباً 2162 کیسز موصول اور حل ہوئے جس میں سیرولوجی تجزیات کے لیے 1494 اور فرانزک ڈی این اے کے لیے 668 کیسز شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق فرانزک ڈی این اے کے 668 تجزیاتی کیسز میں 53 لاشوں کی شناخت، 111 قتل، 20 ولدیت کی جانچ، 37 ڈکیتی، 395 جنسی حملوں اور 52 لڑکوں سے زیادتی کے کیسز شامل ہیں۔واضح رہے کہ سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری متعلقہ محکموں کی استعداد کار میں اضافے کے عنوان سے اپنی ذمہ داریاں نبھاتا رہا ہے۔اسی تناظر میں 100 سے زیادہ کرائم سین یونٹ افسران کے لیے تربیت کا اہتمام کیا گیا جس کے مثبت نتائج مقدمات کی کامیاب تکمیل کی صورت میں سامنے آئے ہیں۔