قاہرہ ( نیٹ نیوز )مصر کی جانب سے ایک اہم اعلان سامنے آیا ہے ۔ اعلان ایسا ہے کہ آپ بھی چاہیں گے کہ مصر کی شہریت مل جائے۔ دراصل مصر نے اڑھائی لاکھ ڈالر کی ناقابل واپسی سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکیوں کو شہریت دینے کا اعلان کیا ہے۔
مصر میں اس وقت ڈالر کی شدید قلت ہے اور وہ بدترین مہنگائی سے نبرد آزما ہے۔2018 میں پارلیمنٹ نے ایک قانون منظور کیا تھا جس کے تحت غیر ملکی افراد 4 لاکھ ڈالر یا 70 لاکھ مصری پاؤنڈ جمع کروانے کے عوض مصر کی شہریت کیلئے اہل قرار دیے گئے۔
لیکن اب وزیراعظم نے شرط رکھی ہے کہ ڈپازٹ صرف ڈالر میں ہونا چاہیے کیونکہ ملک میں ڈالر کا بحران جاری ہے۔قاہرہ کے زر مبادلہ ذخائر 34.35 ارب ڈالر ہیں جس میں سے 28 ارب ڈالر امیر خلیجی ممالک کی طرف سے ڈپازٹ کروائے گئے ہیں۔یہ خلیجی ممالک مصر کے کئی سرکاری اثاثے خریدنا چاہتے تھے لیکن وہ معاملات اس لیے طے نہیں پائے کیونکہ کرنسی مستقل روبہ زوال ہے۔ایک سال میں مصری پاؤنڈ کی قدر آدھی رہ گئی ہے، مہنگائی کی شرح 26.5 ہوچکی ہے۔پچھلے سال کے آخری ایام میں آئی ایم ایف نے 3 ارب ڈالر کا قرضہ منظور کیا تھا جو 46 مہینوں میں دیا جانا تھا۔