اسلام آباد ( وی او پی نیوز ) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نےاپنا”فیصلہ”سنا دیا،جون میں کتنے پیسے وطن بھیجے؟تفصیلات سامنے آ گئیں ۔ سٹیٹ بینک نے رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ماہ میں کتنی ترسیلاتِ زر آئیں؟ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ترسیلاتِ زر کے حوالے سے رپورٹ جاری کر دی۔مرکزی بینک کے اعلامیے کے مطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے جون 2023ء میں 2 ارب 18 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز پاکستان بھیجے،
جون کی ورکرز ترسیلات مئی کے مقابلے 4 فیصد زائد رہیں۔لیکن اسٹیٹ بینک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جون 2022ء کے مقابلے میں جون 2023ء کی ترسیلات 22 فیصد کم رہیں۔مالی سال 2023ء میں ورکرز ترسیلات 27 ارب 2 کروڑ ڈالرز رہیں، مالی سال 2022ء کی ورکرز ترسیلات 31 ارب 27 کروڑ ڈالرز تھیں۔مالی سال 2023ء میں ورکرز ترسیلات 13.6 فیصد کم رہیں۔سعودی عرب سے مالی سال 2023ء میں پاکستانی ورکرز کی ترسیلات کی مد میں 6 ارب 44 کروڑ ڈالرز آئے۔سعودی عرب سے ورکرز ترسیلات مالی سال 2023ء میں 17 فیصد کم رہیں، سعودیہ سے مالی سال 2022ء میں 7.75 ارب ڈالرز کی ورکرز ترسیلات آئی تھیں۔جون 2023ء میں سعودی عرب سے 515.1 ملین ڈالرز، برطانیہ سے 343.0 ملین ڈالرز آئے۔گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات سے 324.7 ملین ڈالرز جبکہ امریکا سے 272.3 ملین ڈالرز آئے۔