کراچی ( وی او پی نیوز ) آئیندہ الیکشن میں کونسی جماعت کامیابی حاصل کریگی اور کس کی حکومت بنے گی؟ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور صوبائی وزیر بلدیات ناصرحسین شاہ نےبتادیا ۔ وزیر سندھ بلدیات ناصر حسین شاہ نے “جنگ ” سے خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ اگلے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی پورے ملک میں بھرپور کامیابی حاصل کر کے سندھ اور وفاق میں حکومت قائم کرے گی . اگلے وزیر اعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔ انہوں نے
فائل فوٹو
اپنی قائدانہ صلاحیت سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ پاکستان کی قیادت کرنے کے اہل ہیں۔ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی محنت اور ذہانت سے نہ صرف پاکستان کے عوام کے دلوں میں گھر کرلیا ہے بلکہ عالمی لیڈر بھی بلاول بھٹو کی قائدانہ صلاحیتوں کے معترف ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کراچی میں کلین سوئپ کرے گی، جس کا ثبوت ہم نے بلدیاتی انتخابات میں دیا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وعدے کے مطابق ہم نے کراچی کے تمام محکموں کو میئر کے زیر نگرانی دینا شروع کر دیا ہے، جس میں واٹر بورڈ کا محکمہ پہلے ہی میئر کے زیر اختیار کر دیا ہے۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول میں جو علاقے کراچی میں آتے ہیں ان میں بھی مئیر کا عمل دخل شروع ہوجائیگا جبکہ سندھ کے مزید جو محکمے سندھ حکومت کے زیر اہتمام ہیں انہیں بھی جلد میئر کے اختیار میں دے دیا جائے گا۔ناصر حسین شاہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے کے پی اور پنجاب میں بہت تیزی سے مقبولیت حاصل کی ہے جبکہ تحریک انصاف سے بھی بڑی تعداد میں کارکن اور رہنما پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں جس سے ہمیں یقین ہے کہ اگلی حکومت وفاق میں پیپلز پارٹی ہی قائم کرے گی۔