چنائی ( مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر بیٹر عبداللّٰہ شفیق نے کہا ہے کہ ورلڈکپ ختم نہیں ہوا، پاکستان کے پاس آگے جانے کا موقع ہے۔ چنائی میں پاکستانی میڈیا سے گفتگو میں عبداللہ شفیق کا کہنا تھا کہ ہماری توجہ آگے کے میچز پر ہے کہ ان میں اچھا کھیلیں اور آگے بڑھیں ۔کرکٹ ٹیم گیم ہے، اس میں انفرادی کارکردگی کا نہیں سوچتا، جتنے بھی رنز بنیں وہ ٹیم کے کام آئیں ۔عبداللّٰہ شفیق کا کہنا تھا کہ کوشش یہ ہی ہوتی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم
کروں، انفرادی اننگز کو ذہن میں رکھ نہیں کھیلتا، تاہم سنچری ہوجائے تو اچھا ہے۔آئندہ کے میچ پر بات کرتے ہوئے عبداللّٰہ شفیق نے کہا کہ جنوبی افریقہ اچھا کھیل رہی ہے، اس کے خلاف میچ چیلنج سمجھ کر کھیلیں گے۔ پاکستان ٹیم نے اب تک ورلڈکپ میں اپنا بیسٹ کھیل پیش نہیں کیا، جس روز ٹیم اپنا بیسٹ کھیل پیش کرے گی تو نتیجہ بھی اچھا آئے گا۔انہوں نے فیلڈنگ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ میچز میں ہماری فیلڈنگ میں کمزوری رہی ہے، اس کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ورلڈکپ میں افغانستان سمیت کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں سمجھ سکتے، افغانستان نے اس دن اچھی کرکٹ کھیلی۔ اگلے تمام میچز پاکستان کےلیے انتہائی اہم ہیں۔ایک سوال کے جواب میں عبداللّٰہ شفیق کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں کہ چھکے ہی مار کر پاوور پلے کا فائدہ ملے۔ پہلے 10 اوورز میں باؤنڈریز لگا کر بھی ٹارگٹ حاصل کیا جاسکتا ہے۔