راولپنڈی ( مانیٹرنگ ڈیسک )بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا ہے کہ 19 ماہ سے کہہ رہا ہوں بات کرنے کو تیار ہوں، میں سیاسی آدمی ہوں، مذاکرات کیلئے تیار ہوں۔اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اس سے قبل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے بھی 3 رکنی کمیٹی نے مذاکرات کیے تھے، پی ڈی ایم نے شرط رکھی عمر عطا بندیال کی ریٹائرمنٹ کے بعد الیکشن ہوں، عمر عطا بندیال کی شرط کی وجہ سے مذاکرات آگے نہیں بڑھے، تاریخ کا برا ترین دور پی ڈی ایم کی 16 ماہ کی حکومت تھی۔
“جنگ ” کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ریلو کٹے کی کچھڑی پک رہی ہے تاکہ کنٹرولڈ پارلیمنٹ ہو، میری سب سے بڑی غلطی کمزور حکومت لینا تھی، کمزور حکومت کے بجائے مجھے پھر سے انتخابات کروانے چاہیے تھے، انتخابات کے بعد کمزور اتحادی حکومت سے بہتر ہوگا اپوزیشن میں بیٹھوں، پاکستان میں معیشت کا حل ہینگ پارلیمنٹ اورکمزورحکومت نہیں کر سکتی، اصلاحات اور بہتری صرف تگڑی حکومت ہی کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے حملے کی مذمت کرتا ہوں، پاکستان کے پڑوسی ممالک خاص کر ایران سے اچھے تعلقات ہونے چاہئیں، پاکستان ایران خراب تعلقات سے اسرائیل اور دشمن خوش ہوں گے، تمام پڑوسی ممالک سے اچھے تعلقات ہونے چاہئیں، 5 اگست نہ ہوتا تو بھارت سے دوستی اور مذاکرات کی پوری کوشش کرتا اور کی بھی۔بانی پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ معیشت اس قابل نہیں کہ پڑوسی ممالک آپس میں لڑائی کریں، سنگاپور میں انصاف ہے، اسٹیبلٹی ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کاری ہوئی۔