اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف کے دور میں بجلی کی قیمتوں میں اضافےکے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے اور صرف 2 سال میں بجلی کے بنیادی ٹیرف میں فی یونٹ 22 روپے 53 پیسے تک کا تاریخی اضافہ کیا گیا۔مستقل سرچارج ملاکر 2 سال میں بجلی کےفی یونٹ ٹیرف میں اضافہ 25 روپے 76 پیسے بنتا ہے اور محض 2 سال میں بجلی صارفین پر 2 ہزار ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ لاددیا گیا۔”جیو نیوز ” نے ذرائع وزارت توانائی کے حوالے سے بتایا کہ شہباز حکومت میں پہلی بار بجلی کےگھریلو صارفین پر ماہانہ ایک ہزار روپے تک فکسڈ چارجز بھی لگا دیے گئے۔قیام پاکستان سے لے کرجون 2022 کے ابتدائی 75سال میں کسی بھی وزیر اعظم کےہوتے ہوئے بجلی کی قیمت میں اتنا اضافہ نہیں ہوا جتنا صرف 2 سال میں کیا گیا جس کےنتیجے میں شہری مسلسل بڑھتی قیمتوں کے بوجھ تلے دب چکے ہیں۔
