لاہور ( ایس ایم ایس ) ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور فیوچر فیسٹ کے اشتراک سےایکسپو سینٹر لاہور میں نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقدہ فیوچر فیسٹ 2025 نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ساتھ پہلی بار شراکت داری کی، جس کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے جدت پر مبنی عملی اقدامات کرنا ہے۔ اس شراکت نے پنجاب میں خواتین کی ترقی کے لیے نئے دروازے کھول دیئے ہیں۔
تقریب کے دوران گول میز کانفرنس بعنوان “خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے مشترکہ ماڈلز” بھی منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین بشمول سرکاری و نجی اداروں کے نمائندے، پالیسی ساز، ماہرین تعلیم، ٹیکنالوجی انڈسٹری کے رہنما اور فلاحی کارکنوں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں خواتین کی معاشی ترقی کے لیے مختلف شعبوں کے درمیان تعاون کے ذریعے نئے پروگرامز متعارف کروانے پر اتفاق کیا گیا ۔
یہ پہلا موقع تھا کہ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے فیوچر فیسٹ جیسے بڑے اور عالمی معیار کے ایونٹ کے ساتھ اشتراک کیا، جس نے خواتین کو معاشی خودمختاری دینے کے عمل کو مزید تقویت دی۔ اس تقریب نے پنجاب بھر میںنہ صرف خواتین کے لیے مواقع کو وسعت دینے کی راہ ہموار کی ہے بلکہ انہیں ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بننے کے لیے حوصلہ بھی دیا ہے۔
شرکاء نے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور فیوچر فیسٹ کی اس تاریخی شراکت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات پاکستان میں خواتین کی ترقی کی نئی مثالیں قائم کریں گے۔