کھٹمنڈو( مانیٹرنگ ڈیسک ) نیپال کے مستعفی وزیراعظم کے پی شرما اولی کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ملک سے فرار ہونے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
نیپال میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی اٹھائے جانے اور وزیراعظم شرما اولی کے استعفے کے باوجود احتجاج جاری ہے۔مظاہرین کرپشن کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں ۔
کٹھمنڈو میں مظاہرین نے پارلیمنٹ کی عمارت کو آگ لگا دی۔ مظاہرین نے وزیراعظم کی ذاتی رہائش گاہ، بعض سرکاری رہائش گاہوں اور سپریم کورٹ کو آگ لگا دی گئی جبکہ وزرا کے گھروں اور سیاسی دفاتر پر حملے بھی کیے۔پتھراؤ سے نیپالی کانگریس پارٹی کے مرکزی دفتر کی کھڑکیاں بھی ٹوٹ گئیں۔
’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن پر 3 وزرا او ر وزیراعظم مستعفی ہوگئے تھے۔جس کے بعد مستعفی وزیراعظم شرما اولی کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ملک سے فرار ہونے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں بظاہر دیکھا گیا کہ مستعفی وزیراعظم شرما اولی ملک سے نکلنے کیلئے ہیلی کاپٹر میں بیٹھ رہے ہیں۔امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ دبئی روانہ ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ نیپالی فوج نے وزرا کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ان کے گھروں سے نکال کر فوجی بیرکوں میں منتقل کرنا بھی شروع کر دیا۔
دوسری جانب وزیراعظم کے پی شرما اولی کے استعفے کے بعد صدر رام چندر نے نیا حکومتی سربراہ منتخب کرنے کے لیے مشاورت شروع کردی ہے ۔
واضح رہے کہ نیپال میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کے بعد 2 روز سے جاری احتجاج میں 20 افراد ہلاک اور250 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔