لاہور ( طیبہ بخاری سے ) بھارت سے ایک ایسی خبر آئی ہے جس نے سب کو حیران کر دیا ہے . ایک طرف ہندو انتہا پسندی زوروں پر ہے ، بائبل پر بھی جھگڑے شروع ہو چکے ہیں اور دوسری طرف خبر یہ آئی ہے کہ بھارت کی معروف ہندو موٹی ویشنل سپیکر مسز سبری مالا نے اسلام قبول کرلیا ہے.جس کا اعلان اُنہوں نے مکۃ المکرمہ سے کیا۔ مسز سبری مالا کے بارے میں آپ کو بتاتے چلیں کہ اُنہوں نے تامل ناڈو میں 2017 میں “وژن 2040” کے نام سے ایک تنظیم شروع کی۔ اس تنظیم کا مقصد بچیوں کا تحفظ اور
ایک نظام تعلیم لانا ہے۔ موٹی ویشنل سپیکر کے طور پر، سبری مالا 200 سے زیادہ پلیٹ فارمز پر پینل سپیکر رہ چکی ہیں اور اب اُنہوں نے اسلام قبول کر لیا ہے اور اپنا نام فاطمہ رکھ لیا ہے۔ انہوں نے مکہ مکرمہ سے جاری کی گئی ویڈیو میں کہا کہ میں نے پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺ کی بیٹی کے لیے محبت اور احترام کی وجہ سے اپنا نام تبدیل کر کے فاطمہ رکھا ہے۔ فاطمہ نے کہا کہ میں نے اپنے آپ سے پوچھا کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف اتنی نفرت کیوں؟ میں نے تجسس اور بغیر کسی تعصب کے قرآن پاک پڑھنا شروع کیا، پھر مجھے حقیقت معلوم ہوئی۔ اب میں اسلام کو خود سے زیادہ پیار کرتی ہوں۔وہ 2002 سے کمیونٹی سروس میں شامل ہے، اور تعلیمی مساوات اور لڑکیوں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے لڑ رہی ہیں۔