لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )بھارتی اخبارات نے ایک اہم خبر شائع کی ہے ، خبر یہ ہے کہ بھارتی فضائیہ کے ایک اہلکار کودفاعی تنصیبات سے متعلق حساس معلومات چرانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایئر فورس کے اس اہلکار کوسوشل میڈیا پر ہنی ٹریپ میں پھنسایا گیاتھا جس کے بعد سے یہ حساس معلومات شیئر کر رہا تھا۔گرفتار اہلکارسے ملٹری انٹیلی جنس
ڈیپارٹمنٹ اور دہلی پولیس کے اہلکار مشترکہ طور پر پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے بتایا ہے کہ اس سے ریڈار کی سرگرمیوں اور فضائیہ کے افسران کی تعیناتی کے بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی تھیں۔ حساس معلومات شیئر کرنے کے عوض میں اہلکار کی اہلیہ کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کروائی جا رہی تھی۔ اس پر مبینہ طور پر دفاعی تنصیبات اور فضائیہ کے اہلکاروں سے متعلق معلومات کمپیوٹر اور دیگر فائلوں سے حاصل کرکے اپنے آقاؤں کے ساتھ شیئرکرنے کا الزام ہے۔ذرائع نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ وہ گزشتہ 6 ماہ سے ایسی معلومات شیئر کر رہا تھا اور اس کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ افسران نے اہلکار سے کچھ قابل اعتراض الیکٹرانک اشیاء اور دستاویزات بھی برآمد کیے ہیں۔