Saturday, September 14, 2024
Homeتازہ ترینارشد شریف کا قتل:جی ایچ کیو کا تحقیقات کیلیے حکومتِ پاکستان کو...

ارشد شریف کا قتل:جی ایچ کیو کا تحقیقات کیلیے حکومتِ پاکستان کو خط ، حکومت کا جوڈیشل انکوائری کرانے کا فیصلہ

راولپنڈی ( وی او پی نیوز )پاک فوج کے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) نے صحافی ارشد شریف کے قتل کے معاملے پر حکومتِ پاکستان کو خط لکھ دیا۔جی ایچ کیو کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ارشد شریف کی ہلاکت کے معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔حکومتِ پاکستان کو لکھے گئے خط میں جی ایچ کیو نے ارشد شریف کے معاملے پر کمیشن بنانے کی استدعا کر دی۔خط میں جی ایچ کیو نے استدعا کی ہے کہ معاملے کا الزام اداروں پر لگانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے۔
مزید برآں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔” جنگ ” کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو میں لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ارشد شریف کے معاملے پر کینیا پولیس نے تسلیم کیا ہے کہ واقعہ پولیس کی غلطی سے ہوا ہے. حکومت سے درخواست کی ہے کہ ضروری ہے ارشد شریف کے واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جائے تاکہ تمام چیزوں کو منطقی انجام تک

لے جایا جائے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے افسوسناک واقعے کی مکمل تحقیقات کا کہا گیا ہے، اس واقعے کے تمام عوامل کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اس واقعے کے حالات پر سوالات اٹھتے ہیں، بدقسمتی سے ان چیزوں پر بہت زیادہ الزام تراشیاں کی جاتی ہیں، لوگ اس واقعے پر قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔ واقعے کو جواز بنا کر من گھڑت الزامات لگائے جاتے ہیں، ان تمام معاملات پر تحقیقات ہونی چاہیے، صرف ان حالات پر تحقیقات نہیں ہونی چاہیے کہ وہاں کیا ہوا۔ ان حالات پر بھی تحقیقات ہونی چاہیے کہ ارشد شریف کو پاکستان سے کیوں جانا پڑا؟ کس نے انہیں جانے پر مجبور کیا؟ وہ کیسے گئے، کہاں گئے اور حالات کیا تھے؟ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ارشد شریف پروفیشنل صحافی تھے، اُن کی ناگہانی وفات پر ہم سب کو افسوس ہے۔ سینئر صحافی کی وفات کو جواز بنا کر انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں، مہم چلائی جارہی ہے، دیکھنا ہوگا کہ واقعے کو بنیاد بنا کر کون فائدہ اٹھا رہا ہے۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کینیا میں صحافی ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے معاملے کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا اس حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم نے سینئر صحافی ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے معاملے کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ان کا مزید کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم نے ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں جوڈیشل انکوائری کرانے کا فیصلہ کیا ہے.مریم اورنگزیب نے یہ بھی بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم نے یہ فیصلہ اصل حقائق کے تعین کے لیے کیا ہے۔
مزید برآں دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق ارشد شریف کی میت گزشتہ شب سوا 1 بجے نیروبی سے دوحہ روانہ کی گئی تھی۔ میت آج رات 1 بج کر 5 منٹ پر اسلام آباد پہنچائی جائے گی۔

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -

Most Popular

Recent Comments